بنٹوال2؍اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع ایس پی بھوشن گلاب راؤ بوراسے کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق بنٹوال دیہی پولیس نے خواتین کے گلے سے سونے کی چین اڑانے والے گروہ کے چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضے سے موٹر بائکس اور سونے کے زیور ضبط کیے ہیں جس کی قیمت 2لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔پولیس نے جن لٹیروں کو گرفتار کیا ہے ان کی شناخت نعمان بشیر (۲۰ سال)،شہبازعبدالکریم (۱۹ سال)،شہباز بدرالدین(۲۰سال)توصیف عبداللطیف کی حیثیت سے کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق یہ ملزمین گزشتہ ایک سال سے وٹھل ،بنٹوال شہر اور دیہی علاقے میں اکثر تنہا سڑک پر گزرنے والی عورتوں کے گلے سے سونے کی چین اڑاکر فرار ہوجاتے تھے۔انہوں نے دو الگ الگ مقامات سے دو موٹر بائکس بھی چرالی تھی جسے وہ چین اڑانے کے لئے استعمال کرتے تھے۔یکم اکتوبر کو پولیس کی طرف سے جب گاڑیوں کی چیکنگ چل رہی تھی تو نعمان اور توصیف موٹر بائک کے ساتھ اس کے ہاتھ لگ گئے۔ پھران کی طرف سے تفتیش کے دوران دی گئی معلومات کی روشنی میں مزیددو ملزمین کی گرفتاری عمل میںآئی۔
پولیس کے بیان کے مطابق مختلف پولیس تھانوں میں نعمان کے خلاف 7چوری کے معاملات درج ہیں، جو کہ حال ہی میں عدالتی حراست سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔بنٹوال دیہی پولیس تھانے کے ایس آئی رکھشیت کی قیادت میں پولیس عملے نے یہ جو کارروائی انجام دی ہے اس کے لئے مناسب انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔